ایشیا کپ؛ پاکستان آج اہم میچ میں بنگال ٹائیگرز سے مدمقابل ہوگا

میرپور: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان آج بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا، ٹائٹل کی دوڑ میں موجود رہنے کیلیے گرین شرٹس کو بنگال ٹائیگرز کے شکار کا چیلنج درپیش ہے، ٹاپ آرڈر کی مسلسل ناکامیوں پر ٹیم مینجمنٹ تشویش میں مبتلا ہے۔

ایشیا کپ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف آج میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلے گا جب کہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔ میزبان ٹائیگرز نے ایونٹ میں 4 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں جب کہ پاکستان کے 2 پوائنٹس ہیں۔ بنگلہ دیش نے یو اے ای کو 51 اور بعد ازاں سری لنکا کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔ پاکستان کو پہلے میچ میں بھارت کے مقابل 5 وکٹوں سے شکست ہوئی، بعد ازاں یو اے ای کی کمزور ٹیم کیخلاف 7وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع کی جاسکتی ہے،ٹائیگرز کی کارکردگی میں گزشتہ کچھ عرصے میں کافی بہتری آئی ہے۔

میزبان ٹیم ہوم گراؤنڈ پر ہمیشہ ایک سخت حریف ثابت ہوتی ہے جبکہ پاکستان ٹیم کو بیٹنگ خاص طور پر ٹاپ آرڈر میں مسائل کا سامنا ہے، اوپنرز کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ اہم مقابلے میں تبدیلیوں پر غور کررہی ہے، امکان ہے کہ خرم منظور کو ڈراپ کرکے عماد وسیم کو موقع دیا جائے گا اوپننگ جوڑی میں بھی تبدیلی کے ساتھ بیٹنگ آرڈر میں چھیڑ چھاڑ کا امکان ہے۔ تاہم محمد عامر سمیت پیس اٹیک سے ٹائیگرز کے قدم اکھاڑنے کی کوشش کی جائے گی۔

بنگلہ دیش کو اپنے اہم پیسرمستفیض الرحمان کی خدمات حاصل نہیں جوکہ سری لنکا سے میچ میں سائیڈ اسٹرین کا شکار ہوگئے تھے، ان کی جگہ تمیم اقبال کی واپسی ہوچکی جوکہ اپنے پہلے بچے کی پیدائش کی وجہ سے چھٹیوں پر تھے۔ باہمی ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں پاکستان کا پلڑا بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے مابین 2007 سے 2015 تک مختلف گراؤنڈز میں 8 میچز کھیلے گئے جس میں سے پاکستان نے 7 جیتے اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، بنگلہ دیش میں 3 مقابلے ہوئے جن میں سے میزبان نے ایک میں فتح حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے مابین آخری ٹی ٹوئنٹی میچ گزشتہ سال 24 اپریل کو کھیلا گیا جس میں پاکستان ٹیم کو 7وکٹوں سے شکست ہوئی، واحد ناکامی کا شکار ہونے والی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی  تھے، اس سے قبل ایک میچ میں وہ سرخرو بھی ہوئے تھے، شعیب ملک کی قیادت میں قومی ٹیم نے 3 میچ کھیلے اور تینوں میں کامیابی حاصل کی، محمد حفیظ 2، مصباح الحق ایک مقابلے میں کپتان تھے۔ دوسری جانب میزبان ٹیم کا میچ ہونے کی وجہ سے اسٹیڈیم میں ریکارڈ تماشائیوں کی آمدمتوقع ہے، اس لیے سیکیورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کمانڈوز کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہیں، میچ پر اینٹی کرپشن یونٹس کی بھی نظرہوگی۔






Comments are Closed