اے این پی‘ جے یو آئی نے بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ دھاندلی کی‘ ہم سے استعفے کا مطالبہ کرنیوالوں نے نوازشریف سے کیوں نہیں مانگا : عمران خان

اسلام آباد (ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اور جے یو آئی نے خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے دوران سب سے زیادہ دھاندلی کی ہے، صوبائی حکومت سے استعفیٰ مانگنے والوں نے نواز شریف سے استعفیٰ کیوں نہیں مانگا۔ بلدیاتی الیکشن فوج کی نگرانی میں دوبارہ کرانے کو تیار ہیں، پیپلز پارٹی، اے این پی اور جے یو آئی منافقت کرنا چھوڑ دیں، صوبائی حکومت نے اے پی سی بلائی ہے، دھاندلی کا شور کرنے والے اجلاس میں شرکت کرکے دوبارہ الیکشن کیلئے حتمی تجاویز دیں، راولپنڈی میں 2 معصوم نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر قتل کرنا پنجاب پولیس گردی کی بدترین مثال ہے، ماڈل ٹاﺅن اور ڈسکہ کے قتل کے واقعات میں پولیس کو سزا نہیں ملی، راولپنڈی واقعہ میں بھی مجرموں کو سزا نہیں ملے گی، شہباز شریف اور نواز شریف نے پولیس کو لوگوں کو قتل کرنے کیلئے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، ماڈل ٹاﺅن کی برسی کے موقع پر تحریک انصاف بھرپور شرکت کرے گی اور عوامی تحریک کے ساتھ مل کر آئندہ لائحہ عمل اختیار کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوڈیشل کمشن کے باہر اور سانحہ راولپنڈی کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ عمران خان نے کہا ہے پیپلز پارٹی، ا ے این پی اور جے یو آئی تینوں پارٹیاں منافق ہیں، ان پارٹیوں نے اعتراف کیا تھا کہ2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی لیکن پھر بھی انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف سے استعفیٰ نہیں مانگا اور نہ ہی حکومت توڑنے کی بات کی ہے بلکہ الٹا نواز شریف کے اتحادی بن گئے اور ہمارے خلاف نواز شریف کا ساتھ دیا۔ بلدیاتی الیکشن میں اے این پی اور جے یو آئی نے سب سے زیادہ دھاندلی کی ہے اس لئے دوبارہ الیکشن سے گھبرا رہے ہیں، اگر ہم نے دھاندلی کی ہوتی تو ہم دوبارہ الیکشن کا کبھی نہ کہتے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ دوبارہ الیکشن کی صورت میں بھی تحریک انصاف ہی کامیاب ہو گی۔ ہمارے کارکن خود احتجاج کررہے ہیں اور بنی گالہ پہنچے ہوئے ہیں ہم نے اپنے کارکنوں کو احتجاج کرنے سے روکا ہوا ہے، پنجاب میں پولیس کی حالت بہت خراب ہے، پولیس نے دہشت گردی کا ماحول بنایا ہوا ہے، پنجاب پولیس گلو بن چکی ہے اور حکومت کے اشاروں پر لوگوں کا قتل عام کررہی ہے، راولپنڈی میں دو بھائیوں کا قتل دہشت گردی ہے، پولیس کو پنجاب حکومت نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، مسلم لیگ ن قتل کی ذمہ دار ہے۔ 16 جون طاہر القادری پاکستان آرہے ہیں، سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی پہلی برسی کے موقع پر تحریک انصاف بھرپور شرکت کرے گی اور آئندہ کا لائحہ اختیار کیا جائے گا۔






Comments are Closed