Main Menu

بھارتی مسلمانوں پر مظالم کے خلاف امریکا میں احتجاجی مظاہرے

واشنگٹن: دہلی میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف امریکا کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہروں میں بھارتی نژاد امریکی شہریوں اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ ہندو فسطائیت کے خلاف آواز اٹھانے والی مختلف تنظیموں نے امریکا کے بڑے شہروں میں بھارت کے قونصل خانوں کے باہر اورعوامی مقامات پر احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ دہلی میں 1984میں سکھوں کے قتلِ عام کے بعد ایک بار پھر وہی حالات پیدا ہورہے ہیں۔

نیویارک میں ہونے والی ریلی میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور بھارت کے متنازع شہریت قانون اور مودی سرکار کے ’فسطائی‘ نظریات کے خلاف نعرے بھی لگائے۔ سان فرانسیسکو، شگاگو اور اٹلانٹا میں بھی احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے دہلی میں مسلمانوں کی آبادیوں اور مساجد پر ہندؤ انتہا پسند جتھوں کے حملوں کے بعد پھوٹنے والے فسادات میں 42افراد قتل ہوئے۔

شرپسندوں کی سرکاری سرپرستی کرنے پر دنیا بھر میں مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کئی مغربی شہروں اور جامعات میں نریندر مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔






Comments are Closed