ریو اوپن ٹینس؛ رافیل نڈال نے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیئے

ریوڈی جنیرو / ڈیرلے بیچ:  ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز میں رافیل نڈال اور ڈیوڈ فیرر نے کوارٹرفائنلز میں قدم رکھ دیے، سیکنڈ سیڈ جوہانا لارسن کا قصہ میزبان برازیلین کھلاڑی پاؤلا گونکلیوس کے ہاتھوں تمام ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔ انھوں نے دوسرے راؤنڈ میں ہموطن نکولس الماگرو کو 6-3 اور7-5 سے شکست دے دی، سیکنڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے البرٹ راموس کیخلاف 4-6،6-1 اور6-4 سے فتح سمیٹ لی، ارجنٹائن کے گیڈیو پیلا  نے کولمبیئن حریف سانتیاگو گیرالڈو کو 6-4 اور6-0 سے قابو کرلیا، اولیکسینڈر ڈولگوپولوف جونیئر نے اینیگو کاروینٹس ہیوگن کو دلچسپ مقابلے میں 3-6،6-0 اور6-3 سے زیر کرلیا، فیڈریکو ڈیل بونیز نے اطالوی حریف پاؤلو لورینزی کو 6-3 اور6-0 سے مات دے دی۔ویمنز سنگلز میں سیکنڈ سیڈ جوہانا لارسن کا قصہ میزبان برازیلین کھلاڑی پاؤلا گونکلیوس کے ہاتھوں تمام ہوگیا۔

ان کی فتح کا اسکور 6-4 اور6-4 رہا، تھرڈ سیڈ ڈینکا کووینک نے سلیویا سولر کو 6-2 اور6-3 سے پچھاڑدیا، 6 سیڈ لارا آروبیرینا نے رومانیہ کی اینا بوڈگان کیخلاف 7-5،5-7 اور6-3 سے میدان مارلیا، کروشیا کی پیٹرا مارٹک نے کیوی حریف مارینا ایراکووک کو 7-6(7/2)، 5-7 اور6-2 سے زیر کرلیا۔دوسری جانب انجری مسائل سے دوچار رہنے والے 2009 یوایس اوپن کے فاتح جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے ڈیرلے بیچ مینز ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رسائی پالی۔

انھوں نے دوسرے راؤنڈ میں آسٹریلین کوالیفائر جون پیٹرک اسمتھ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-4 سے شکست دی، تقریباً ایک برس تک کھیل سے دور رہنے والے ڈیل پوٹرو کی کھیل میں واپسی کے بعد یہ دوسری آزمائش تھی جس میں وہ سرخرو ہوئے، سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیے انھیں اب فرانس سے تعلق رکھنے والے 5 سیڈ جیریمی شارڈے کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے امریکی حریف نوہا روبن کو 6-4 اور6-2 سے واپسی کا پروانہ تھمادیا، ڈیل پوٹرو سے کواٹرفائنل کی بابت جیریمی شارڈے نے کہا کہ ہم بچپن سے ایک دوسرے کو بخوبی جانتے ہیں، وہ میرا بہت اچھا دوست بھی ہے ۔

میں کھیل میں ارجنٹائنی پلیئر کی واپسی پر بہت خوش ہوں، کسی بھی ٹینس پلیئر کے لیے انجرڈ ہوجانا بہت برا ہوتا ہے، ہمیں ایسے پلیئرز کی ایونٹس میں ضرورت ہوتی ہے، بائیں کلائی کی انجری کے سبب 2014اور2015 کے سیزن کا بیشتر حصہ کھیل سے باہر ملا ہوا ہے! گرینڈ سلم فاتح ڈیل پوٹرو کی عالمی رینکنگ میں خاصی گراوٹ آچکی ہے اور سردست 1042 ویں نمبرپر ہیں، گذشتہ برس جون میں ان کے متاثرہ ہاتھ کی سرجری بھی ہوئی تھی۔

شارڈے اور ڈیل پوٹرو اب تک دو باہمی مقابلوں میں ایک ایک فتح حاصل کرچکے ہیں، ڈیل پوٹرو نے 2012 کے سنسناٹی ماسٹرز کوارٹر فائنل میں انھیں زیر کیا تھا جبکہ فرنچ پلیئر نے اس کا بدلہ 2013 کے آسٹریلین اوپن میں انھیں تیسرے راؤنڈ میں ہراکر لے لیا تھا، سیکنڈ راؤنڈ کے دیگر میچز میں امریکی وائلڈ کارڈانٹری پلیئر ٹم سیمزک نے ہموطن 7 سیڈ ڈونالڈ ینگ کو 1-6،7-6(7/2) اور6-2 سے اپ سیٹ کردیا، سام کیورے نے آسٹن کرائیجک کو 6-4 اور6-3 سے پچھاڑ کر راؤنڈ8 میں جگہ بنالی، دیگر کوارٹر فائنلز میں ایڈرین مینارینو کا سامناگریگور دیمیتروف سے ہوگا، راجیو رام اور جرمن پلیئر بینجمن بیکر بھی مدمقابل آئیں گے۔






Comments are Closed