فرقہ واریت پیدا کرنے والے ہی دین میں انتشار پھیلا رہے ہیں، امام کعبہ

اسلام آباد /لاہور / مریدکے / کالا شاہ کاکو: 

امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا کہ دین میں انتشار پیدا کرنے والے وہی ہیں جنھوں نے فرقہ واریت پیدا کی۔

کالا شاہ کاکو میں منعقدہ آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس کے آخری روز جمعے کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا کہ اللہ نے مسلمانوں کو بہترین امت بنایا، اس لیے ضروری ہے کہ مسلمان اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑ کر فرقہ واریت اور فروعی اختلافات میں پڑنے کے بجائے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر یقین رکھیں، دین میں انتشار پیدا کرنے والے وہی ہیں جنھوں نے فرقہ واریت پیدا کی، مسلمان فرقہ واریت میں نہ پڑیں، فرقہ واریت پھیلانے والے فلاح نہیں پائیں گے۔

امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی مثال 2 بھائیوں اور ایک جسم جیسی ہے جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ ہمارا روح کا رشتہ ہے جسکی بنیاد کلمہ کی بنیاد پر ہے، بے گناہ انسانیت کو ذبح کرنیوالوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے کہا کہ ایک اسلامی فوجی اتحاد سعودی عرب کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا جس میں پاکستان اور سعودی عرب دونوں شامل ہیں، اس پلیٹ فارم پر مسلمان ملک یکجا ہوگئے ہیں، دنیا میں دہشتگردی اور فساد کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، جو دشمن بھی سامنے آئیگا، اسلامی فوجی اتحاد اس کا مقابلہ کریگا۔

کانفرنس سے سعودی نائب وزیر مذہبی امور الشیخ عبدالرحمن الغنام، سعودی سفیر نواف المالکی، وفاقی وزیر سردار یوسف، مولانا محمد سلفی، حافظ عبدالکریم، حافظ ابتسام الٰہی ظہیر، حافظ اہتشام الٰہی ظہیر، پروفیسر ساجد میر و دیگر نے بھی خطاب کیا، کانفرنس میں صفحات پر مشتمل قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔

دریں اثنا امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد آل طالب نے پاکستان علما کونسل کی طرف سے دیے جانیوالے عصرانے میں بھی شرکت کی، اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اسلام محبت، احترام اور رواداری کا درس دیتا ہے۔

مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کی 2 روزہ آل پاکستان اہل حدیث کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی۔






Comments are Closed