Main Menu

گورونانک کے جنم دن تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی یاتریوں کا پہلا جتھا پہنچ گیا

550 ویں جنم دن کی تقریب میں تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے مجموعی طورپر5 ہزارکے قریب یاتریوں کی شرکت متوقع ہے، منگل کے روزڈھائی ہزارسکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچے ۔ بھارت کی طرف سے اسپیشل ٹرینیں کوداخلے کی اجازت نہ ملنے کی وجہ سے یاتریوں کو پہلی بار پیدل انٹری کا ویزا جاری کیا گیا ہے۔ بھارت سے مزید 2 ہزار یاتریوں کا دوسرا جتھا بدھ کو پاکستان پہنچے گا۔

واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پرمتروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرعامراحمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق بھارت سمیت دنیا بھرسے آنے والے یاتریوں کو یہاں مکمل سہولتیں فراہم کررہے ہیں، ان کے لئے رہائش ، خوراک ،میڈیکل، ٹرانسپورٹ اورسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکھ یاتریوں کو یہاں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہیں ہوگی ،پاکستان سکھوں کا دوسراگھرہے۔

بھارت کی شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے وفد کے سربراہ سردارگورمیت سنگھ نے کہا کہ جوکام 72 برسوں میں نہیں ہوسکا تھا پاکستان کے وزیراعظم نے وہ کام چند مہینوں میں کردکھایا ہے۔ یہ جوترقی اورخوشحالی نظرآتی ہے اس پرہمیں خوشی ہے، اپنی آنکھوں پریقین نہیں آرہا ہے کہ اتنے کشیدہ حالات کے باوجود کس طرح پاکستانی بھائی ہمارے استقبال کے لئے موجودہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔





Comments are Closed